لاہور ؛ پاکستان میں نجی شعبے کی سب سے بڑی انشورنس کمپنی، جوبلی لائف انشورنس نے کشف فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے اشتراک سے خوشحال مستقبل تکافل (KMT) پلان متعارف کیا ہے۔ یہ جدید، مائیکروسیونگ اور تحفظ پر مبنی پلان سہولیات سے محروم علاقوں کی خواتین کے مالی استحکام کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
یہ اہم شراکت داری لاہور میں کشف فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس میں یو این ڈی پی کے نمائندوں کی موجودگی میں باقاعدہ طور پر طے پائی۔ اس اشتراک کو مالی شمولیت اور خواتین کے لیے بہتر مالی تحفظ کے حل کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
اس تکافل پلان کو خاص طور پر کشف فاؤنڈیشن کی قرض لینے والی خواتین کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایک سالانہ قابلِ تجدید انڈوومنٹ تکافل پلان ہے جو تحفظ اور طویل مدتی بچت دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ تکافل پلان شرعی اصولوں کے مطابق وکالہ-وقف تکافل ماڈل کے تحت کام کرتا ہے، جس میں دو بڑے فائدے شامل ہیں: ایک طرف خاندان کو کسی ناخوشگوار صورتحال میں مالی تحفظ فراہم کرنا، اور دوسری طرف خواتین کو منظم بچت کے ساتھ مالی طور پر مستحکم بننے کا موقع دینا۔
اس موقع پر جوبلی لائف انشورنس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او، جاوید احمد نے کہا، ''جوبلی لائف اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مالی تحفظ ہر ایک کے لیے قابلِ رسائی ہونا چاہیے، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جو اپنے گھروں کے استحکام میں مرکزی کردار ادا کرتی ہیں۔ کشف فاؤنڈیشن سے اشتراک ہماری اس سوچ کو اجاگر کرتا ہے کہ ہم خواتین کو ایسے حل فراہم کریں جو نہ صرف ان کے خاندان کو تحفظ دیں بلکہ انہیں ایک مضبوط اور خودمختار مالی مستقبل بنانے میں بھی مدد دیں۔''
کشف فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر، روشانہ ظفر نے کہا، ''جو عورت اپنے مستقبل کیلئے سرمایہ کاری کرتی ہے، وہ اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے پورے خاندان کی زندگی بھی بدل دیتی ہے۔ خوشحال مستقبل تکافل اسی ضرورت کو پیش نظر رکھ کر خواتین کو طویل مدتی مالی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ جوبلی لائف انشورنس سے شراکت داری خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی ہماری صلاحیت کو مزید مستحکم بنائے گا جنہیں اسکی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔''
نمائندہ، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) پاکستان نے بھی اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا، ''پاکستان میں بالخصوص ایسی خواتین کیلئے مالی تحفظ کے خلا کو کم کرنے سے متعلق جامع اور آسان انشورنس سہولیات تک رسائی انتہائی اہم ہے، جو تاحال بڑی حد تک ان خدمات سے محروم ہیں۔ یہ اشتراک اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح سرکاری اور نجی ادارے مل کر ایسے جدید اور صارف دوست حل فراہم کر سکتے ہیں جن سے لوگوں کے مالی استحکام میں اضافہ ہو اور وہ معاشی اور ماحولیاتی اثرات کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکیں۔''
یہ اقدام کشف فاؤنڈیشن کی اس کامیابی پر مبنی ہے جس میں اسے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام پاکستان کے انشورنس انوویشن چیلنج کا فاتح قرار دیا گیا، اس سلسلے میں یو این ڈی پی کے انشورنس اینڈ رسک فنانس فیسلیٹی(IRFF) کے تحت تعاون فراہم کیا گیا۔ یہ ماڈل پاکستان میں صنفی طور پر حساس مالی تحفظ اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے کی ایک قابلِ توسیع مثال ہے۔
Post a Comment